ٹیلی گرام کے نئے فیچر نے واٹس ایپ صارفین میں ہلچل مچا دی

ماسکو: روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ایک اور فیچر کا اضافہ کردیا گیا، صارفین واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک وغیرہ سے اپنی چیٹ ہسٹری کو ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرسکیں گے۔

روسی میڈیا کے مطابق روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام نے ایک آئی او ایس اپ ڈیٹ تیار کیا ہے جس سے چیٹ کی ہسٹری کو واٹس ایپ اور دیگر ایپس سے ٹیلی گرام میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔

روسی ایپ اسٹور پر شائع کردہ اپ ڈیٹ کی تفصیل میں آگاہ کیا گیا کہ روسی میسنجر نے اب اپنے صارفین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل چیٹ ہسٹری کو دیگر ایپس جیسے واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک سے ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

روسی میسنجر ٹیلی گرام کی جانب سے اس جدید سہولت کے ساتھ اب ٹیلی گرام کے صارفین دیگر ایپس پر موجود اپنے گروپس، چیٹ لسٹ سے خفیہ چیٹ کے علاوہ کال ہسٹری کو بھی ڈیلیٹ کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات کے بعد روسی میسنجر ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد عروج پر پہنچ گئی، ٹیلی گرام کے بانی نے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت قرار دیا تھا۔

واٹس ایپ کے سیکیورٹی کے حوالے سے نئے اپ ڈیٹ کے ایک ہفتے کے اندر ٹیلی گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کرگئی تھی۔