’عوامی نمائندوں کی نااہلی کی درخواستیں یکجا کریں، ایک بار ہی فیصلہ دیں گے‘

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کو عوامی نمائندوں کی نااہلی کے لیے دائر تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پرسماعت ہوئی جس دوران عدالت نے رجسٹرار آفس کو حکم دیا کہ عوامی نمائندوں کی نااہلی کے لیے دائر تمام درخواستیں یکجا کی جائیں۔

 

عدالت نے کہا کہ 9 مارچ کو تمام درخواستیں یکجا کرکے مقرر کی جائیں، عوامی نمائندوں کی نااہلی کے لیے دائر تمام درخواستوں پر ایک ہی بار فیصلہ ہوگا، ایک ہی بار یہ معاملہ نمٹا دینا چاہتے ہیں تاکہ سائلین کو سن سکیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو سیاسی معاملات میں استعمال کرنے سے عدالت کا نقصان ہوتا ہے، جب کسی عوامی نمائندے کو نااہل کریں تو نقصان حلقے کے عوام کا ہوتا ہے، جسٹس کھوسہ نے پارلیمنٹ کو یہ بھی کہا تھا کہ 62 ون ایف میں ترمیم کریں، اگر یہ ایسے ہی رہا تو ہم سب اس قانون کے تحت نااہل ہو سکتے ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ دیا تو اس بار نااہلی کی تمام درخواستوں کو اکٹھا کرکے دیں گے، ایک ہی بار سب پر فیصلہ دے دیتے ہیں تاکہ ہم اصل سائلین کو سنیں۔