کشمیر میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کا خطرہ ہے،حریت کانفرنس کشمیر کو مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی طرز پر جلد از جلد حل کیا جائے ۔
سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کا خطرہ ہے، تنازعہ کشمیر کو مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی طرز پر جلد از جلد حل کیا جائے ۔کے پی آئی کے مطابق حریت کانفرنس کے رہنما غلام احمد گلزار نے ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کی امن پسندی اور انسانی اقدار پر ان کے پختہ یقین کی تعریف کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو جلد از جلد حل کر کے کسی بھی جوہری تصادم سے بچا جا ئے ۔ تاکہ خطے میں امن و خوشحالی کا نیا دورشروع ہوسکے۔ ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ 73 سال پرانے تنازعہ کشمیر کو حل کرے جو ابھی تک اس کی میز پر موجودہے۔انہوںنے تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے تنازعہ کشمیرکو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔بیان میں تنازعہ کشمیر کی طرف عالمی ادارے کی فوری توجہ پر زوردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی سامراج اور ہندو فسطائیت میں موت اور تباہی کے بھنور میں پھنس گئے ہیں۔حریت رہنما نی5 اگست 2019 کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے خطے کے تمام قوانین تبدیل کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کا خطرہ ہے۔