ہماری کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن : امریکہ نے کہا ہے کہ اس کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نڈ پرائس Ned Price نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ جموں کشمیر میں 4جی موبائل انٹر نیٹ کی بحالی پر امریکہ کے خیر مقدم بارے سوال پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ خطے میں امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔کے پی آئی کے مطابق یاد رہے وزارت خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیا امور کی جانب سے کئے گئے ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ہم جموں کشمیر میں 4جی موبائل انٹر نیٹ کے دوبارہ آغاز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ مقامی باشندوں کے لئے ایک اہم قدم ہے اور ہم جموں و کشمیر میں معمول کی بحالی کے لئے جاری سیاسی اور معاشی پیشرفت کے منتظر ہیں۔