بھارتی فوج سے وابستہ ہیکرز پاکستان اور کشمیر میں حساس اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں

سان فرانسسکو ( ساوتھ ایشین وائر)

سان فرانسسکو میں قائم امریکی سائبرسیکیوریٹی کمپنی ، لک آوٹ نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی فوج سے وابستہ ہیکرز کی ایک ٹیم پاکستان اور کشمیر کے اندر حساس اہداف کی جاسوسی کے لئے موبائل ہیکنگ ٹولز کا استعمال کررہی ہے ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق رپور ٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکر گروپ جسے کنفیوشس کہا جاتا ہے ، جنوبی ایشیا ویب سروسز کی کمانڈرنگ کرنے،جاسوسی کے لئے ایپس ،سروسز ٹولز اور مالویئر کو کنٹرول کرنے کے لئے جانا جاتا ہے۔
لک آوٹ کی رپورٹ کے مطابق ، 2017 اور 2020 کے درمیان ، کنفیوشس نے متعدد مواقع پر پاکستان کی مسلح افواج ، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی ، اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔
ہیکر گروپ متاثرین کو سیکیورٹی ٹولز اور ایپلی کیشنز آڑمیں ویب ایپلی کیشنز انسٹال کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ جس سے متاثرین کے آلات سے ریکارڈ شدہ فون کالز ، کال لاگ ، رابطے ، جغرافیائی محل وقوع اور تصاویر سمیت ڈیٹا چوری  کرنے کے لئے استعمال کیاجاتاہے۔ رپورٹ کے مطابق 156 ہائی پروفائل پاکستانی اہلکاروں کے موبائل ڈیوائسز کو نشانہ بنایا گیا اور غیر محفوظ سرورز پر ڈیٹا محفوظ کیا گیا۔ تلاش کرنے والے محققین نے حال ہی میں سرورز کو تلاش کیا اور بتایا کہ زیادہ تر ہیکرز جو ڈیٹا تک رسائی حاصل کرتے ہیں وہ شمالی ہندوستان میں مقیم ہیں۔
جمعرات کو جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق ، 2017 کے بعد سے ، اور حال ہی میں دسمبر میں ، ہیکرز نے مقبوضہ کشمیر ،پاکستانی فوجی عہدیداروں ، ملک کے اعلی ایٹمی ریگولیٹر اور بھارتی انتخابی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لئے اسپائی ویئر پر انحصار کیا ہے۔
سائبرسیکیوریٹی فرم ، ٹرینڈ مائیکرو انک کے خطرے کے محقق ، ڈینیل لونگی نے کہا کہ اگرچہ ان کے تکنیکی اوزار اور مالویئرز اس قدر ترقی یافتہ نہیں ہوسکتے ہیں ، لیکن کنفیوشس اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے انسانی وقت کی سرمایہ کاری کرتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ ہیکرز نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی ، پاکستان جوہری توانائی کمیشن اور نامعلوم تیسرے فریق کے عہدیداروں کے مابین 2017 اور 2018 کے درمیان وٹس ایپ چیٹ گفتگو کا مواد چرایا تھا۔ اپریل 2019 میں ، بھارت کے تازہ ترین قومی انتخابات کے درمیان ، حملہ آوروں نے مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ خطے میں ایک انتخابی عہدیدار کے ڈیوائس کونشانہ بنایا،جہاں چند ماہ قبل ایک ہندوستانی سیکیورٹی قافلے پر حملہ ہوا تھا۔