کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے، ایرانی وزیر خارجہ ایران، پاکستان بھارت کشیدگی کے خاتمہ کیلئے ثالثی کیلئے تیار ہے ٹی وی انٹرویو
تہران : ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران پاکستان بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی پر متفکر ہے اور تمام مسائل کا حل نکالنے کیلئے دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کی ضرور ت ہے ۔پریس ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے مابین بڑھتی کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کے لیے خطرے کا باعث ہوسکتی ہے اور ایران کشیدگی کے خاتمہ کیلئے ثالثی کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے، انسانی حقوق کمشنر کی دو رپورٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مکمل عکاسی ہے۔کے پی آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی پر پاکستان بھارت کے مابین کافی تنائو ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس تنائو کا جلد از جلد خاتمہ ہو جا ئے ۔ ظریف نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میںہے اور ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ کشمیری میں انسانی حقوق کی قدر کی جائے جبکہ کشمیری عوام کے احساسات اور امنگوں کی قدر کی جائے ۔