اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا مقبوضہ جموںوکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش
جنیوا27فروری : اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق Michelle Bachelet نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کی ہائی کمشنرMichelle Bachelet نے اس تشویش کا اظہار جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے 46 ویں اجلاس کو 50 سے زائد ملکوں میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں آگاہی کے دوران کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ جموںوکشمیر کی صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے جہاں مواصلات پر پابندی اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف کارروائی باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فور جی کی حالیہ بحالی کے باوجود مواصلاتی ناکہ بندی نے شہریوں کے روز مرہ کے معمولات ، کاروبار ، تعلیم اور صحت کی دیکھ بال کے حوالے سے معاملات کو سخت متاثر کیا ہے۔انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ نے مظاہروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں ، سوشل میڈیا پر اظہار خیال کرنے والوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف بھارتی حکام کی کارروائی پر بھی تنقید کی۔مشیل بیچلیٹ نے مزید کہا کہ ہزاروں بھارتی کسانوں کی طرف سے جاری مظاہروں نے اس بات کی اہمیت دوچند کر دی ہے کہ قوانین اور پالیسیاں متعلقہ افراد کے ساتھ بامقصد مشاورت پر مبنی ہونی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مظاہروں کی کوریج یا ان پر تبصرے کرنے پر صحافیوں اور انسانی حقوق کارکنوں کے خلاف بغاوت کے مقدمات کا اندراج انسانی حقوق کے لازمی اصولو ں سے انحراف ہے۔