سعودی عرب نے خاشقجی پر امریکی رپورٹ مستردکردی

سعودی دفتر خارجہ نے سعودی شہری جمال خاشقجی کیےقتل کی واردارت سے متعلق امریکی کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو پوری قوت سے مستردکردیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے جمعہ کو بیان جاری کر کے کہا کہ سعودی حکومت اپنے شہری جمال خاشقجی کے قتل کے جرم سے متعلق کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کوحتمی طریقے سے مسترد کرتی ہے۔
وزارت خارجہ جمال خاشقجی کے قتل کی واردات پر کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کی بابت کی جانے والی چہ میگوئیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت مبینہ رپورٹ میں سعودی قیادت سے متعلق مذکور غلط اور توہین آمیز نتائج کو قطعی طورپر مسترد کرتا ہے۔
یہ نتائج کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہیں۔ رپورٹ بہت ساری غلط معلومات اور نتائج پر مشتمل ہے۔
بیان میں دفتر خارجہ نے اس حوالےسے مملکت کے متعلقہ اداروں کے سابقہ بیانات کا پرزور طریقے سے اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جمال خاشقجی کا قتل سنگین جرم ہے۔ یہ سعودی قوانین اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی پر مشتمل ہے۔
اس جرم کا ارتکاب جس گروہ نے کیا اس نے نہ صرف یہ کہ  مملکت کے تمام قوانین کو پس پشت ڈالا بلکہ اس نے متعلقہ اداروں کو حاصل اختیارات کی بھی خلاف ورزیاں کیں ۔
گروپ کے افراد کے ساتھ پوچھ گچھ کے حوالے سے تمام ضروری عدالتی اقدامات کیے گئے اور انہیں عدالت کے حوالے کیا گیا۔ سعودی عدالت نے ان کے خلاف سزاوں کے حتمی فیصلے سنائے جن پر جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اس جیسی رپورٹ جو غلط اور بلاجواز نتائج پر مشتمل ہے ایسے وقت میں جاری کی گئی جب کہ سعود ی عرب اس گھناونے جرم کی مذمت کر چکا ہے اور اس کی قیادت مستقبل میں اس قسم کے افسوسناک واقعات کے آگے بندھ باندھنے کے لیے ضروری اقدامات کر چکی ہے۔
سعودی عرب اپنی قیادت، ریاستی بالادستی اور عدالتی خود مختاری کو زک پہنچانے والی ہر بات کو مسترد کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کو اس امر کا یقین ہے کہ  سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان شراکت مضبوط اور مستحکم ہے۔ یہ گزشتہ آٹھ عشروں کے دوران ٹھوس بنیادوں پر مرتکز رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت، احترام باہمی کی بنیاد پر قائم ہے۔
دونوں ملکوں کے ریاستی ادارے مختلف شعبوں میں شراکت کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔ خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور زبردست یکجہتی پیدا کیے ہوئے ہیں۔
دفترخارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی سٹریٹجک شراکت کا طاقتور ڈھانچہ تشکیل دینے والی یہ مضبوط بنیادیں برقرار رہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق انٹرنیشنل نیوز نیٹ ورکس کے رپورٹرز کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق رپورٹ شواہد اور معتبر معلومات سے خالی ہے۔
جبکہ رپورٹ کے اجرا کے بعد امریکی دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے کہا کہ امریکہ سعودی عرب کے ساتھ ا,پنے تعلقات برقرار رکھنے کے سلسلے میں پر عزم ہے۔