لائیو: پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کردیا گیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کو ملتوی کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں پی ایس ایل کو فوری طورپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا پی سی بی نے باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ایونٹ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے اس حوالے سے 3 بجے پریس کانفرنس کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں  جس کی وجہ سے کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین کرسٹین بھی پی ایس ایل کو چھوڑ چکے ہیں جس کی تصدیق پی سی بی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4، لاہور قلندرز کا ایک اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک کھلاڑی اور ایک آفیشل کے اب تک کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا اور ایونٹ میں اب تک 14 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن بھی کورونا کی وبا کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا تاہم پانچویں ایڈیشن میں کسی کھلاڑی یا آفیشل میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔