کیا خلا میں لگژری ہوٹل بننے جارہا ہے؟

دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے خلا میں کی جانے والی تحقیقوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب زمین سے خلا میں جانے والے سیاحوں کی قطاریں کھڑی ہوں، اسی متوقع صورتحال کو دیکھتے ہوئے خلا میں پہلا ہوٹل بنانے کی تیاری شروع کردی گئی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے پہلے خلائی ہوٹل ووئجر اسٹیشن کے ابتدائی ڈیزائن کو سامنے لایا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ہوٹل سنہ 2027 تک اپنی سروس شروع کر دے گا۔

ہوٹل میں ہر ہفتے 100 سیاحوں کے رہنے کی گنجائش ہوگی، خلائی پورٹ بنانے کے لیے شروع کیے جانے والے گیٹ وے فاؤنڈیشن نامی ادارے نے اس ہوٹل کے ابتدائی ڈیزائن کو پیش کیا ہے۔

خلا کا یہ پہلا ہوٹل پہیے کی شکل میں 190 قطر میں ہوگا اور یہ چاند کی طرح گردش کرے گا تاکہ چاند کی سطح پر موجود قوت حاصل کر سکے، اس کا مطلب ہے کہ یہ ہوٹل مکمل طور پر مصنوعی کشش ثقل (آرٹی فیشل گریوٹی) پر انحصار کرے گا۔

گیٹ وے فاؤنڈیشن کے مطابق خلائی ہوٹل میں 24 لگژری یونٹس ہوں گے، جن میں سے ہر ایک میں خواب گاہ بھی ہوگی۔

اسی طرح دیگر سہولیات زندگی بھی فراہم کی جائیں گی، تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہوٹل میں تفریحی سہولیات جیسے عمدہ ریستوران اور سینما گھر بھی ہوں گے۔

اگرچہ ادارے نے ابھی تک ہوٹل میں ایک رات ٹھہرنے کے کرائے کے بارے میں نہیں بتایا، لیکن کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے محدود مواقع میں دستیاب ہوگا۔