شعیب اختر ایک بار پھر وسیم خان کی حمایت میں بول پڑے
اسلام آباد: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر ایک بار پھر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی حمایت میں بول پڑے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان بہترین کام کررہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وسیم خان اور چیف سلیکٹر محمد وسیم نے مل کر اچھی ٹیم بنالی ہے۔
دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے ٹیم سلیکشن پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ عماد وسیم کو ٹی 20 سے ڈراپ کرنا بنتا نہیں تھا، ان کی ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں جگہ بنتی ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے، پاکستان کاٹیلنٹ پول کم نہیں ہوا لیکن ٹیلنٹ کوکھلانے والے لوگ ختم ہوگئے، بچوں سے پیسے لے کر کلب کرکٹ نہیں چلانی چاہیے، ڈومیسٹک اسٹرکچر بہتر ہونا چاہیے جہاں کھلاڑی کو اچھے پیسے ملیں۔
پاک بھارت میچز سے متعلق سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہوگی اور کرکٹ بحال ہوگی۔