وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی کو منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور ملاقات میں قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح بہبود کے لیے موثر قانون سازی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان بالا میں بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے رہنماوَں کی سربراہی اعزاز کی بات ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا، امید ہے چیئرمین سینیٹ ذمہ داریاں اسی احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔