بھارت کی آمرانہ حکومت کا واحد مقصد مسلمانوں کو دبانا ہے، شبیر ڈار، احسن اونتو کشمیری طلباءکوسفری دستاویزات کے باوجود پاکستان آنے سے روکنے کی بھارتی حکام کی کارروائی کی مذمت

سرینگر 19مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو نے مقبوضہ علاقے کے طلباءاور دیگر افراد کو سفری دستاویزات کے باوجود پاکستان میں داخل ہونے کی جازت نہ دینے کے بھارتی حکام کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد ڈار اورمحمد احسن اونتو نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکام کی طرف سے کشمیری طلباءاور دیگر افراد کو پاکستان جانے سے روکنے کی منظم کارروائی طلبا ءکے حق تعلیم، حق نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی کے حق کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے جسکا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ طلباءکو روکنے کی اس کارروائی سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت میں ایک آمرانہ حکومت برسراقتدار ہے جسکا واحدمقصد بھارتی اور جموں کشمیر کے مسلمانوں کو دبانا ہے۔شبیر احمد ڈار اور محمد احسن اونتو نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام انسانی حقوق اور آزادی کے حوالے سے عالمی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری طلباءکے پاس باقاعدہ ویزہ تھا اور پاکستان ہائی کمیشن نے بھارتی حکام کو بھی کشمیری طلباءاور دیگر افراد کی تعداد وغیرہ کے بارے میں آگاہ کررکھا تھا۔انہوںنے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے لہذا مسئلہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کو کشمیری طلباءکا مستقبل تاریک کرنے سے روکا جائے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکام نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے درجنوں طلباءاور دیگر لوگوں کو ویزا اور دیگر سفری دستاویزات کے باوجود بدھ کے روز واہگہ بارڈر پر روک کر پاکستان میں داخل نہیں ہونے دیا تھا۔