میکال ذوالفقار نے دوسری شادی پر خاموشی توڑ دی

معروف اداکار میکال ذوالفقار نے طلاق کے تین سال بعد پہلی مرتبہ دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ کب دوبارہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

میکال ذوالفقار اے آر وائے کے مارننگ شو ’ گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر سے متعلق کھل کر بات کی۔

میکال ذوالفقار نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق برطانوی ریاست انگلینڈ سے تھا، جس کی وجہ سے ان کی رنگت کافی گوری ہے اور وہ انگریزوں کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دیگر بہن و بھائیوں کی رنگت ان سے مختلف ہے اور وہ قدرے پاکستانی و ایشیائی دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اپنی گوری رنگت کی وجہ سے خود کو کئی کرداروں کے لیے ناموزوں محسوس کرتے ہیں مگر ایسی شکایت کبھی کسی ہدایت کار، پروڈیوسر، ساتھی اداکار یا مداحوں نے نہیں کی لیکن بعض اوقات انہیں ذاتی طور پر محسوس ہوتا کہ فلاں کردار کے لیے ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو بہتر تھا۔

میکال ذوالفقار کے مطابق چوں کہ ان کی تعلیم انگلینڈ میں بھی ہوئی تھی، اس لیے انہیں کیریئر کے آغاز میں اردو بولنے اور سمجھنے میں مسئلہ ہوا لیکن اب اردو زبان پر ان کی کافی دسترس حاصل ہے۔

 

انہوں نے ایک مثال دی کہ برطانیہ یا مغرب میں پیار کو صرف ایک ہی لفظ (love) سے پہچانا جاتا ہے مگر اردو زبان میں اور پاکستان مں اس کے درجے ہوتے ہیں، جیسے پیار کے بعد محبت پھر عشق اور آگے چل کر جنون بھی آجاتا ہے مگر انگریزی میں اسے صرف ’لو‘ ہی کہتے ہیں۔

طلاق کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ بعض اوقات دوسرے لوگوں کو لگتا ہے کہ فلاں افراد کے درمیان اچھے تعلقات ہیں مگر درحقیقت ان کے تعلقات بہتر نہیں ہوتے۔

انہوں نے طلاق کے معاملے پر زیادہ وضاحت کرنے سے گریز کیا اور ساتھ دینے پر بیٹیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

میکال ذوالفقار نے بتایا کہ ان کی بڑی بیٹی کی عمر 9 جب کہ چھوٹی بیٹی کی عمر 7 برس ہے اور وہ ان کے انتہائی قریب ہیں اور وہ ان کے ساتھ بچے بن کر وقت گزارتے ہیں۔

 

ایک سوال کے جواب میں میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں ایک سے زائد خواتین سے تعلقات رکھنے کے کرداروں میں ان کا کوئی قصور نہیں، وہ ڈراما سازوں کا کارنامہ ہوتا ہے۔

طلاق کے بعد تاحال دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میکال ذوالفقار نے بتایا کہ انہوں نے فی الحال دوسری شادی سے متعلق نہیں سوچا اور اس وقت ان کی زندگی میں دوسری ترجیحات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان سے شادی کے لیے بعض لڑکیوں نے ان سے اظہار بھی کیا ہوگا لیکن فی الحال شادی کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔

 

میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ تاہم اگر قسمت میں لکھا ہوگا تو جب ان کی شادی ہونی ہوگی تو وہ کرلیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ چوں کہ اب ان کے بچے بھی ہیں، اس لیے انہیں مستقبل میں جو بھی فیصلہ کرنا پڑا وہ انہیں نظر میں رکھ کر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

طویل دورانیے کے پروگرام میں میکال ذوالفقار نے اپنے سیلون سے متعلق باتیں کرنے سمیت شوبز کی دنیا پر بھی باتیں کیں اور بتایا کہ شوبز میں آنے کے بعد انہوں نے بہت چیزیں سیکھیں اور سیکھنے کا عمل جاری ہے۔

خیال رہے کہ میکال ذوالفقار نے 2012 میں سارہ بھٹی سے شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔