
اسلام آباد، ڈایریکٹر جنرل آئی سی ٹی سیدہ شفق ہاشمی رمضان المبارک کے دوران سہولت بازار لگانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلا م آباد(خبرنگار) وفاقی دارلحکومت اسلا م آباد میں رمضان المبارک کے آمد کے موقع پر شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردنوش کی فراہمی کیلئے چیف کمشنر اسلا م آباد عامر علی احمد کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ”آئی سی ٹی”سیدہ شفق ہاشمی نے رمضان سہولت بازار لگانے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، مارکیٹ کمیٹی کے نمائندگان اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ای ایس نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں 5مختلف مقامات پر سہولت بازار لگانے پر اتفاق ہوا جن میں روات، بہارہ کہو، ترنول، ترلائی، جی سیون و دیگر شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل اسلا م آباد سیدہ شفق ہاشمی نے تمام اسسٹنٹ کمشنر کو اُنکی حدود میں لگائے جانیوالے سہولت بازاروں کی نگرانی اور کورونا وائرس کے حوالے سے جاری حکومتی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی سی ٹی سیدہ شفق ہاشمی کا کہنا تھا کہ سہولت بازار لگانے کا م مقصد شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے خوردنوش کی فراہمی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سمیت مارکیٹ کمیٹی سہولت بازاروں میں اشیائے خوردنوش کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریگی اور یونین کونسل کے سیکرٹریز اور ڈی ایم اے کا عملہ بھی اس میں خصوصی معاونت کریگا۔