سیالکوٹ: انتخابی حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے لیے دوبارہ پولنگ آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے پچھتر ڈسکہ میں ن لیگ کی نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے، 19 فروری کے تلخ تجربے کے بعد چیف الیکشن کمشنر خود ضمنی الیکشن کی نگرانی کرنے کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ لاہور آفس میں بیٹھ کر پولنگ کی نگرانی کریں گے۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، حلقے میں 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جہاں پولنگ عملے کے ساتھ رینجرز اور پولیس اہل کاروں نے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔
تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر کے ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی لگا دی ہے۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کے امیدوار نے پولنگ انتظامات کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے، حلقے میں پیپلز پارٹی نے نون لیگ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ 19 فروری کو ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کے باعث ضمنی الیکشن کے لیے دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔