اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا اور پنجاب حکومت نے تنظیم پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے، ہم پابندی سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی حالات کی وجہ سے نہیں تحریک لبیک کے کردار کی وجہ سے پابندی لگائی جارہی ہے جب کہ میں نے کبھی بھی اس جماعت کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی خادم حسین سےملا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری ان کو منانےکی کوششیں ناکام ہوئیں، یہ فیض آباد آنا چاہتے تھے، ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاق رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے، ہماری بڑی کوششیں تھیں لیکن وہ ہر صورت فیض آباد آنا چاہتے تھے، یہ ایسا مسودہ چاہتے تھے کہ یورپ کے سارے لوگ ہی واپس چلے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نہیں انہوں نے حکمت عملی بنائی ہوئی تھی اور ہم نے جو معاہدہ کیا تھا اس پر قائم تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس سے رائفل چھین کر فائرنگ کی گئی، ان پر جو ایف آئی آرز ہوئی ہیں وہ قانون کے تحت ہوئیں۔