اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر سے زائد جمع ہونے پر سمندرپار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدللہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جمع فنڈ ایک ارب ڈالرسےزائدہوگئے، سمندرپارپاکستانیوں کی بھرپورشرکت پران کا شکر گزار ہوں اور مختصروقت میں سنگ میل عبورکرنے پر اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کو سراہتا ہوں۔
یاد رہے فروری میں کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام وزیر اعظم عمران خان کا تصور ہے، جس پر سمندر پار پاکستانیوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’5ماہ میں97 ملکوں سے 90ہزارسے زائد صارفین نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس کھلوائے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ خلیجی ریاستوں میں زیادہ مقبول ہوا ہے، سب سے زیادہ اکاؤنٹس کھلوانے والوں کا تعلق بھی خلیجی ریاستوں سے ہے۔