گوادر پورٹ مکمل فعال ہے،ائیرپورٹ پر بھی تیزی سےکام ہو رہا ہے،چیئرمین سی پیک اتھارٹی

چیئرمین چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نےکہا ہےکہ گوادر  پورٹ مکمل فعال کردیا ہے،گوادر ائیرپورٹ پر بھی تیزی سےکام ہو رہا ہے۔

گوادر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ اب بندرگاہ پر ٹریفک بڑھانے پر توجہ ہے، ڈھائی تین سال میں گوادر میں 12 ہزار نوکریاں فراہم کی گئیں، گوادرپورٹ سے سامان کی ترسیل کے لیے آن لائن بکنگ کی جاسکتی ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ گوادر ائیر پورٹ پرکام کافی تیزی سے ہو رہاہے، وزیراعظم نے نوکریاں فراہم کرنےکےلیے خصوصی زور دیا ،وزیراعظم نے بچوں کی ووکیشنل ٹریننگ پر بھی زور دیا ہے،گوادر میں سپورٹ اسٹرکچر پر کام تیزی سے چل رہاہے، گوادر سٹی کا ماسٹر پلان منظور ہوچکا ہے اور عمل درآمد کے مرحلے پر ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی میں مستقبل میں تیزی نظر آئےگی، گوادر کے بارے میں بہت غلط تاثر پیش کیا جاتارہا ہے،ایم 8 کا ایک سیکشن رہ گیا تھا جو متبادل راستہ ہے، جس پر کام تیزی سےجاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کے علاقوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا، ان علاقوں میں سڑکیں بنائی جارہی ہے، گوادر میں چین کے تعاون سے اسپتال بھی بن رہا ہے ، بلوچستان کے کسانوں کے ساتھ ملاقات بھی ہے، زراعت کاپلان سی پیک فیز ٹو کا حصہ ہے،ماہی گیروں کے تمام مسائل حل کریں گے۔