مقبوضہ کشمیر میں روہنگیا مسلمان پناہ گزین کرو نا وائرس کے خلاف طبی سہولیات سے محروم کرو نا وائرس کا شکار ہونے والے 53 روہنگیا پناہ گزین قیدیوں میں سے ایک خاتون جاں بحق
جموں( ) مقبوضہ کشمیر میں روہنگیا مسلمان پناہ گزین کرو نا وائرس کے خلاف طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ کرو نا وائرس کا شکار ہونے وال53 روہنگیا پناہ گزین قیدیوں میں سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی ہے ۔ جموں اور سانبہ اضلاع کے مختلف مقامات پر 6500 سے زائد روہنگیا مسلمان مقیم ہیں۔ چند روز قبل 53 روہنگیا پناہ گزین قیدیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ان میں سے ایک خاتون کی حالت خراب ہونے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ لائی گئی جہاں اس کا انتقال ہوگیا ۔کے پی آئی کے مطابق واضح رہے کہ ہزاروں روہنگیا پناہ گزین دس سال قبل میانمار میں مسلم نسل کشی کی لہر سے جان بچا کر بنگلہ دیش پہنچے جہاں سے وہ بھارت میں داخل ہوگئے۔ ان میں سے بیشتر نے جموں کا رخ کیا اور یہاں شہر کے نواحی علاقوں نروال، بھٹنڈی، کرانہ تالاب وغیرہ میں عارضی طور پر مقیم ہوگئے۔جموں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں مستقل سکونت کا ارادہ نہیں رکھتے۔روہنگیا پناہ گزینوں کا تعلق اس نسلی اور مذہبی گروہ سے ہے جسے بھارت میں اکثر دشواریوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔گذشتہ انتخابات میں بی جے پی، بجرنگ دل اور دیگر سخت گیر ہندو نظریہ رکھنے والی تنظیموں نے روہنگیا برادری کو نشانہ بنایا اور انھیں ‘انتہا پسند’ اور ملک کی ‘سلامتی کے لیے خطرہ’ قراد دیا گیا۔ جبکہ جموں میں کئی بار روہنگیا کے خلاف احتجاج بھی ہوئے ہیں۔