
لاہور: ( ) شوگر ملز اسکینڈل میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ایف آئی اے لاہور آفس میں پیش ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف ماڈل ٹاون سے ایف آئی اے دفتر کیلئے روانہ ہوئے تو ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملزم کو ایف آئی اے کی جانب سے 11 بجے صبح طلب کیا گیا تھا، لیگی رہنما کی روانگی کے موقع پر رہائشگاہ کے باہر موجود کارکنوں نے ان کی گاڑی پر پھولوں کی بارش اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر ایف آئی اے دفتر کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ سیشن کورٹ نے شوگر ملز اسکینڈل میں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ کو عبوری ضمانت دے رکھی ہے، ایڈیشنل سیشن جج علی عباس نے سماعت کے دوران ایف آئی اے سے معاملے پر رپورٹ طلب کی جبکہ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔