لاہور( ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت نے پنجاب کے عوام کے لیے بہترین بجٹ پیش کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں معاشی ٹیم نے انتھک محنت کی۔انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے پنجاب کے عوام کے لیے بہترین بجٹ پیش کیا، پنجاب کا بجٹ غریب، مزدور، کسان، تاجر، صنعت کار سمیت ہر طبقے کے لوگوں کے لیے ریلیف پیکیج ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ممبرانِ اسمبلی اور ہمارے اتحادی بجٹ منظوری پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا بجٹ وزیرِ اعظم عمران خان کے یکساں ترقی کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے، یہ بجٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تاریخی ترقیاتی پیکیج سے پنجاب بھر میں پائیدار ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔