شہناز گِل نے وزن کم کرنے کی وجہ بتادی
ممبئی: () بھارت کے نامور رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 13 سے مقبول ہونے والی پنجابی گلوکارہ و اداکارہ شہناز گِل نے مداحوں کو اپنے وزن کم کرنے کی وجہ بتائی ہے۔ کئی میوزک ویڈیوز میں جلوہ گر ہونے والی شہناز گِل نے یوٹیوب پر دوران لائیو سیشن اپنے وزن کم کرنے کی وجہ بتائی۔ شہناز کا اپنے وزن سے متعلق کہنا تھا کہ بگ باس کے دوران میں خود تھی، اب بھی میں ہی ہوں لیکن مجھے اپنا وزن کم کرنا تھا کیونکہ بات یہ ہے کہ انڈسٹری میں کام نہیں ملتا، یہاں پتلی لڑکیاں چلتی ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ میں اُس وقت بھی خود کو خوبصورت محسوس کرتی تھی میں اب بھی اچھا محسوس کرتی ہوں، اگر مجھے دوبارہ ویسا ہی نظر آنا ہوا تو میں ویسی ہی بن جاؤں گی، بس اس کیلئے مجھے زیادہ کھانا ہوگا۔ اداکارہ نے وزن میں کمی سے متعلق بتایا کہ ضروری نہیں وزن کم کرنے کیلئے آپ جِم جائیں، انسان کم کھا کر وزن میں کمی لاسکتا ہے، کم کھانا وزن میں کمی کا باعث ہوتا ہے جب کہ جِم سے آپ فِٹ ہوتے ہیں۔ خیال رہے کہ 2019 میں بگ باس سیزن 13 سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی شہناز گِل نے بہت کم عرصے میں اپنا وزن کم کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔