
بھارت میں ایک اور مسلمان پر ہندو انتہا پسندوں کا وحشیانہ تشدد
نئی دلی 05جولائی ( ) بھارت میں ہندو انتہا پسند وںکی طرف سے مسلمانوںپر بدترین ظلم و تشدد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور تازہ واقعے میں ہندئو بلوائیوں نے نئی دلی میںایک 62 سالہ معمر شخص کاظم احمد کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاہے ۔
نئی دلی کے علاقے ذاکر نگر کے رہائشی کاظم احمد نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے ایک رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے علی گڑھ جارہے تھے کہ ہندو انتہاپسندوں کے ایک گروپ نے انہیں روک کران پر بدترین تشدد کیا اور انہیں ہراساں کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ہندو بلوائیوں نے وضع قطع سے ہی مسلمان دکھائی دینے پر ان پر حملہ کیا اور مسلمان مخالف نعرے بھی لگائے ۔ انہوںنے بتایا کہ وہ علی گڑھ سے واپسی کیلئے بس اسٹینڈ پر بس کا انتظار کر رہا تھا کہ کچھ فاصلے پر کھڑی ایک گاڑی میںموجود لوگوںنے انہیں اپنی طرف بلایا اور ا ن کے قریب جاتے ہی انہوںنے زبردستی انہیں گاڑی میں ڈال کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ان کی چیخوں کی پرواہ کئے بغیر ان پر تشدد کرتے رہے اور انہیں نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔ انہوںنے پیچ کس سے ان کی ناک پر حملہ کیا ، ان کی داڑھی کھینچی اورتولیے سے گلا گھوٹنے کی کوشش کی ۔بزرگ کاظم احمد نے بتایا کہ وہ اس وقت شدید خوفزدہ تھے اور سمجھتے تھے کہ ہندو انتہا پسند وں کے حملے میں شہید ہونے والے وہ ایک اور مسلمان شہری ہو سکتے ہیںکیونکہ بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل روز کا معمول بن چکا ہے ۔