گہرے زخموں سے منٹوں میں خون روکنے والا آلہ

ناٹنگھم، برطانیہ: حادثوں اور خصوصاً تیز دھار آلے سے لگنے والے گہرے گھاؤ سے خون اتنی تیزی سے بہتا ہے کہ اسے روکنے میں ناکامی پر انسانی جان ضائع ہوجاتی ہے۔ اب ایک طالبعلم کے تیارکردہ نظام سے گہرے زخموں سے خون کے بہاؤ کو روکنا منٹوں میں ممکن ہوتا ہے۔

لوبورویونیورسٹی ایک طالبعلم نے ایک انقلابی آلہ بنایا ہے جو ایک نرم پیڈ کی طرح ہے اور گھاؤ میں داخل ہوکر پھیل کر خون کو روکتا ہے۔ اس طرح ہسپتال پہنچانے یا پھر ایمبولینس کی آمد تک خون کا بہاؤ روکا جاسکتا ہے۔ یہ نظام کسی کارک کی طرح صرف پانچ منٹ میں گہرے ترین زخم سے بھی لہو کا رساؤ بند کرسکتا ہے۔

 

لوبورو یونیورسٹی میں سالِ آخر کے طالبعلم جوزف بینٹلے نے اسے ڈیزائن کیا ہے اور اسے ’ریپڈ ایمرجنسی ایکٹی ویٹنگ ٹیمپونیڈ‘ یعنی ری ایکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا نرم حصہ یعنی ٹیمپونیڈ سلیکن سے بنایا گیا ہے۔ دوسرا حصہ ایکچوایٹر کہلاتا ہے جو ٹیمپونیڈ کو زخم کے اندر داخل کرتا ہے۔ ٹیمپونیڈ میں لگا ایک والو اسے اندر پھیلا دیتا ہے۔

ایکچوایکٹر ایک دستی آلہ ہے جس کی پشت پر ایل سی ڈی دیکھتے ہوئے اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اسکرین جسم کا موزوں مقام تلاش کرنے میں مدد دیتا ہے اور ٹیمپونیڈ کے پھیلاؤ کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پورا نظام تھری ڈی پرنٹر سے تیار کیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ بہت جلد اسے مزید بہتر بنا کر حادثات میں آزمایا جائے گا۔