مسلم لیگ (ن) کا آزاد جموں وکشمیر میں انتخابی سرگرمیوں کا شیڈول جاری

لاہور: () مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں وکشمیر میں انتخابی سرگرمیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پارٹی لیڈر میاں شہباز شریف اور مریم نواز جمعرات سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میاں شہباز شریف اور مریم نواز جمعرات کو مظفر آباد پہنچیں گے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی دورہ آزاد جموں وکشمیر میں پارٹی قیادت کے ہمراہ ہوں گے۔ کوہالہ، شاہدرہ، چھتر گلاس سمیت مظفر آباد تک مختلف مقامات پر پارٹی قیادت کو استقبالیہ دیا جائے گا۔ شہباز شریف اور مریم نواز مظفر آباد میں سہ پہر 4 بجے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ 9 جولائی کو پارٹی قیادت نیلم روانہ ہوگی۔ پٹہکہ اور جورا میں جلسہ عام سے خطاب ہوگا۔ اس کے بعد 10 جولائی کو شاہدرہ، 11 جولائی کو ہٹیاں بالا اور 12 جولائی کو لیپہ میں جلسہ عام ہوں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ 13 جولائی کو کوٹلی، 14 جولائی کو ہجیرہ، 15 جولائی کو بلوچ اور پلندری میں جلسے ہوں گے۔ 16 جولائی کو بھمبر، کھڑی شریف اور میر پور جبکہ 17 جولائی کو اسلام گڑھ اور ڈڈیال میں جلسے ہوں گے۔ 18 جولائی کو باغ اور 19 جولائی کو فارورڈ کہوٹہ اور عباس پور میں جلسے ہوں گے۔