لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ایف آئی اے میں ہراساں کرنے کے حوالے سے میڈیا میں حقائق لانے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ایف آئی اے میں ہراساں کرنے کا معاملہ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ان کی پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف ایف آئی اے میں ہراساں کرنے کے حوالے سے میڈیا میں حقائق سامنے لائیں گے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف پیشی کے موقع پر ایف آئی اے افسران کے رویے سے پردہ اٹھائیں گے، جب کہ وہ میڈیا پر آکر لوڈشیڈنگ اور حکومت کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ میرے خلاف نیب کے کیسز کے بعد اب ایف آئی اے کو بھی وہی کیسز دے دیے گئے، مجھ پر آج الزام دیا جاتا ہے میں نے منصوبوں میں کمیشن کھایا، میں ایف آئی اے کو جواب دے چکا ہوں، میرے ساتھ ایف آئی اے میں بدتمیزی ہوئی، ایف آئی اے کے افراد نے میرے ساتھ بیہودہ گفتگو کی، مجھ سے جب برداشت نہ ہوا تو میں کھڑا ہوکر بولا میرے ساتھ آپ ایسا کیوں کررہے ہو، ایف آئی اے کے افسران اونچی اونچی آواز میں ہنس کر میرا مذاق اڑاتے رہے۔