یوم شہدا کشمیر کے موقع پر عوامی مجلس عمل کی سری نگر میں خصوصی تقریب یوم شہدا کشمیر ، کشمیر ی عوام کی سیاسی جدوجہد کا ایک سنگ میل ہے سید حسن

سری نگر()عوامی مجلس عمل نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا  ہے۔ یوم شہدا کشمیر کے موقع پر عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میں پارٹی ارکان نے نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا  ہے  کہ یہ دن جموں وکشمیر کی  تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔بیان میں کہاگیاکہ کورونا اور میرواعظ محمد عمر فاروق کی خانہ نظر بندی کے سبب امسال بھی 13 جولائی کے تعلق سے عوامی جلوس اور شہداکے لیے  خراج عقیدت کا اجتماعی پروگرام منسوخ کیا گیا ہے تاہم عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دیئے گئے پروگراموں پر عمل کریں۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ اِن پاک باز اور جانثاروںنے کشمیری عوام کو صدیوں کی شخصی راج کی غلامی سے چھٹکارا دینے کی خاطر اپنا خون بہا کر جام شہادت نوش کیا۔ اس طرح سے کشمیری عوام شخصی راج کی ظلم وستم ، جبر استبداد ، بے گاری ، سودخواری ، چکداری ، وٹداری سے نجات دلایا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارا قومی دن ہے کیونکہ اسی دن تحریک کشمیر کی بنیاد پڑی۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے کہا کہ یہ خونین سانحہ کشمیر ی عوام کی سیاسی جدوجہد کا ایک سنگ میل ہے جس نے کشمیری قوم کو شخصی آمریت کے خاتمے کے لئے ایک منظم تحریک کا حوصلہ دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ شاہی نے جاتے جاتے جموں و کشمیر کو سیاسی غیر یقینیت کے دلدل میں دھکیل دیا ۔انہوں نے کہا کہ 13جولائی کی تعطیل کو منسوخ کرنا شہدا کی قربانیوں کی توہین ہے