صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو ’’مکمل اناج‘‘ کھائیے، تحقیق

بوسٹن: ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ زیادہ وزن، موٹاپے، کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر وغیرہ سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ مکمل اناج استعمال کیجیے۔

واضح رہے کہ مکمل اناج (ہول گرین) سے مراد ’’چھلکے سمیت‘‘ اناج ہوتے ہیں جن میں گندم (یا مکمل گندم سے بنا ہوا آٹا)، جو اور براؤن رائس (چھلکے سمیت چاول) وغیرہ شامل ہیں۔

یہ تحقیق امریکا میں 3,100 افراد پر کی گئی جنہوں نے 1948 سے شروع ہونے والے ایک طویل مدتی مطالعے میں حصہ لیا تھا جس میں ان کی غذائی عادات اور صحت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ہر رضاکار کا تفصیلی معائنہ تقریباً ہر چار سال بعد کیا گیا۔

لگ بھگ 70 سال پر پھیلے ہوئے ان اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد ٹفٹس یونیورسٹی، بوسٹن کے ماہرین درج ذیل نتائج پر پہنچے:

  • اگر روزانہ مکمل گندم والی ڈبل روٹی کے تین سلائس (جن میں تقریباً دو چپاتیوں جتنی گندم ہوتی ہے)، مکمل جو (oats) سے تیار کردہ کورن فلیکس یا براؤن رائس کا ڈیڑھ کپ (120 گرام) استعمال کیا جائے تو اس سے موٹاپا اور وزن قابو میں رہتے ہیں، بلڈ پریشر درست رہتا ہے اور خون کی شکر (بلڈ شوگر) بھی محفوظ حد سے بڑھنے نہیں پاتی۔

’’دی جرنل آف نیوٹریشن‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مکمل اناج کی مناسب مقدار روزانہ استعمال کرنے سے خون میں مفید کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کی سطح بھی خاصی بہتر رہتی ہے۔ البتہ یہ تعلق کچھ زیادہ مضبوط نہیں۔

بتاتے چلیں کہ مکمل اناج کی خوبیوں سے ہماری واقفیت صدیوں پرانی ہے۔ اگرچہ تازہ تحقیق بھی اس کی ایک بار پھر تصدیق کرتی ہے لیکن ماہرین اب تک یہ سمجھ نہیں پائے ہیں کہ آخر مکمل اناج سے ہماری صحت کو پہنچنے والا فائدہ کس نظام (مکینزم) کے تحت ہوتا ہے۔