دوسرا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کردی
لیڈز: انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا گیا جہاں پہلی اننگز میں انگلش ٹیم نے قومی ٹیم کو 201 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 155 رنز بنائے۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ ٹیم 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جوزبٹلر نے 59 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا اسکور دیا جبکہ لیام لیونگسٹن نے 38 اور معین علی نے 36 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ انگلینڈ کے کرس جارڈن نے 14، جونی برسٹو 13، جیسن روئے 10 رنز بنا پائے۔
ادھر پاکستانی بلے بازوں میں محمد رضوان نے 37، بابر اعظم نے 22، صہیب مقصود نے 15، محمد حفیظ 10 اور فخر زمان نے 8 رنز بنائے۔ میچ میں محمد حسنین نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2،2 اور شاہین آفریدی اور شاداب خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کی۔ قومی ٹیم کے بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے تاہم مخالف ٹیم آخری اوور کی دوسری بال پر 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔