جدید ڈجیٹل تربیتی کورس کے لیے فیس بک اور کورسیرا کا اشتراک

کیلیفورنیا: فیس بک کی جانب سے اگلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر تدریسی پروگرام کی منصوبہ بندی جاری ہے اور اس ضمن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے مشہور آن لائن کورس پلیٹ فارم کورسیرا سے وسیع تر اشتراک کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں دو نئے سرٹفکیٹ کورس متعارف کرائے جائیں گے جن میں مارکیٹنگ اینیلیٹکس اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پروگرام شامل ہے۔

اس سے قبل فیس بک نے سوشل میڈیا مارکیٹنگ کورس متعارف کرایا تھا جو اب بھی بہت مقبول ہے۔ فیس بک نے کہا ہے کہ ہم طالبعلموں کو تکنیکی مہارتیں فراہم کریں گے جو آسانی سے ایک سے دوسرے طالبعلم تک پہنچائی جاسکیں گی۔ یہ پروگرام سیکھنے والے کی رفتار پر منحصر ہوگا لیکن اس کا دورانیہ 20 ہفتے تک ہوگا۔ اس میں آن لائن استاد موجود ہوگا اور پروجیکٹ کی بدولت کورس آگے بڑھے گا۔

فیس بک نے یہ بھی کہا ہے کہ ملازمت میں مددگار مزید کورس متعارف کروائے جائیں گے لیکن ترجیحاً وہ کورس پیش ہوں گے جن کا غیرمعمولی مطالبہ کیا جارہا ہے۔ فیس بک اپنے کورسز دنیا بھر کے ایسے لوگوں تک پہنچانے کا خواہشمند ہوں جو مختلف پس منظر اور آمدنی کے گروہوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک نے ایک لاکھ سیاہ فام طالبعلموں کے لیے سرٹفکیشن اسکالرشپ پیش کی ہے جبکہ کووڈ 19 کی وبا میں مزید 3000 اسکالرشپس بھی فراہم کی گئی تھیں۔ تاہم کووڈ 19 کی اسکالرشپ دنیا بھر میں موجود فیس بک ملازمین کو یہ سہولت دی گئی تھی۔

اب نئے کورس میں پناہ گزینوں، غریب ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات اور سابقہ فوجیوں کے اہلِ خانہ کو ترجیح دی جائے گی۔

فیس بک نے نئے کورسز کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم 2020 کی رپورٹ کے مطابق 2025 تک دنیا کے نصف ملازمین کو تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے تناظر میں نئے کورس سیکھنا ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے کورسیرا کے ساتھ یہ دو اہم پروگرام شروع کئے ہیں۔