سعودی عرب کا یکم محرم سے عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان

مکہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے یکم محرم سے بین القوامی متعمرین کے لیے عمرہ سیزن کا اعلان کیا ہے۔ سعودی حکومت نے یکم محرم سے دنیا بھرسے معتمرین کے لئے عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ فیصلہ مشروط ہے۔ معتمرین کو عمرے کی ادائیگی کے لیے صحت اورسلامتی سے متعلق قواعد وضوابط پرعمل پیرا ہونا ہوگا۔ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والے بحفاظت عبادت کرسکیں گے۔ سعودی وزارت حج اور عمرہ کے منظورشدہ اوربااعتماد پورٹلز کے ساتھ B2B اور B2C شرائط کے تحت آن لائن بکنگ، رہائش اور سفری سہولیات کی بکنگ کرائی جا سکے گی۔ اس ضمن میں غیرملکی متعمرین کے لیے مسجد حرام میں نمازوں کی ادائیگی کا شیڈول ترتیب دینے کے لیے 500 عمرہ کمپنیاں معتمرین کے خیرمقدم کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران ایک بھی کووڈ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ کورونا وبا کے باعث گذشتہ سال 10 ہزارسعودی مسلمانوں کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ اس بارعازمین حج کی تعداد بڑھ کر قریب 60 ہزار رہی۔