موسلا دھار بارشیں: بھارت، برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں سیلاب سب کچھ بہالے گیا
نئی دلی: () موسلا دھار بارشوں کے بعد بھارت، چین، برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں سیلاب سب کچھ بہالے گیا۔ سینکڑوں افراد ہلاک اور درجنوں لا پتہ ہو گئے، ہزاروں ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف شہروں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکان گرنے سے 200 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے، درجنوں افراد تا حال لاپتہ ہیں۔ چین کے مشرقی ساحلوں سے سمندری طوفان ان فا ٹکرا گیا۔ موسلا دھار بارشوں سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ شنگھائی سمیت ساحلی شہروں سے ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ بندرگاہوں کو خالی کروا لیا گیا۔ ٹرین سروس بھی معطل ہوگئی، 10 لاکھ سے زائد افراد گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ میٹرو ٹرین اسٹیشنز اور اسپتالوں کی بیسمنٹ پانی سے بھر گئیں۔ یورپی ملک بیلجیئم میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی ریلا کئی گاڑیاں بہا کر لے گیا۔