تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی نشست پر فتح حاصل کرلی

سیالکوٹ: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 38 سیالکوٹ فور سے پاکستان مسلم لیگ نواز (مسلم لیگ ن) کو شکست دے دی۔

بدھ کی شب اعلان کردہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری احسن سلیم بریار نے 60 ہزار 588 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چودھری طارق اختر کو 53 ہزار 571 ووٹ ملے۔

تازہ ترین فتح کے ساتھ پی ٹی آئی کے پاس اب پنجاب اسمبلی میں سیالکوٹ ضلع کی کل 11 نشستوں میں 2 نشستیں ہوگئی ہیں۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے فاتح امیدوار کے آؤٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ایک نیا چہرہ تجربہ کار سیاستدان کو ضمنی انتخاب میں شکست دے چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ فتح کے بعد سب کی نظریں سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب پر تھیں۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریار کے کاغذات نامزدگی ان کی دوہری شہرت کی وجہ سے مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے احسن بریار پر اہم نشست کے لیے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

احسن بریار مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رہنما محمد سلیم بریار کے بیٹے ہیں۔

احسن بریار نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے ان کی مکمل حمایت کی اور اس حلقے سے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب اس ضمنی انتخاب نے ویریو خاندان کو ایک دھچکا دیا جو گزشتہ کئی دہائیوں سے یہاں سیاست کررہا ہے۔

سیالکوٹ کے عوام نے پولنگ میں گہری دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا جو شدید بارش کی وجہ سے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر تاخیر کا شکار ہوی۔

گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول دھیرہ سندہ سمیت مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر گھٹنوں تک پانی اکٹھا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پولنگ عملے کے ساتھ ساتھ ووٹرز کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم عملے اور مقامی افراد نے اپنے طور پر بارش کے پانی کو نکالا۔

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے صحافیوں کو بتایا کہ 165 پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور 3 ہزار پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے ہیں۔

پولیس نے پی ٹی آئی کارکن ناصر محمود کو بیلٹ پیپرز چوری کرتے ہوئے اور پٹھانوال کے گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول میں پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پکڑا جہاں ایک گھنٹہ تک یہ عمل روک دیا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو جیل بھیج دیا۔

ضلعی پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی نے بتایا کہ پولیس نے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اسلحہ کی نمائش کرنے پر پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں نے ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد کیں اور انہیں جیل میں ڈال دیا ہے۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ایک پولنگ اسٹیشن پر گتھم گتھا ہوگئے تھے تاہم پولیس اور رینجرز نے صورتحال کو قابو کرلیا تھا۔