سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ سردار مسعود خان

مظفرآباد () آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، اس کی انسانی حقوق کونسل اور امریکہ سمیت انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے نام پر بے گناہ اور نہتے شہریوں خاص طور پر نوجوانوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے طول و عرض میں جعلی مقابلوں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل اور ان کی لاشیں ان کے خاندانوں کے حوالے نہ کرنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جو ہمارے لیے نہایت تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں کہ بھارتی فوجی اپنے ہی پروردہ ایجنٹوں کے ذریعے کسی فوجی تنصیب پر حملہ کروا کر ایک فالس فلیگ آپریشن کے لیے جواز تیار کرتے ہیں اور اسکی آڑ میں وہ کشمیری نوجوانوں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا کر انہیں قتل کر دیتی یا انہیں گرفتار کر کے جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہیں تاکہ انہیں آزادی اور حق خود ارادیت کی تحریک سے دور کیا جائے اور پوری کشمیری قوم کے اندر خوف و ہراس پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل، آئی سی آر سی اور دوسرے عالمی اداروں کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کو کالے قوانین کے تحت بے پناہ اختیارات حاصل ہیں جنکی آڑ میں وہ محاصرے، ماورائے عدالت قتل، نوجوانوں کو گھروں سے اغوا کرنے، انہیں زبردستی غائب کرنے اور تشدد کرنے کے واقعات میں ملوث ہیں جو بلا جواز اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔