‘لاپتا’ کی شوٹنگ کے وقت حمل سے تھی، سارہ خان
‘رقص بسمل’ میں ‘زہرہ’ کا کردار ادا کرکے لوگوں کے دل جیتنے والی سارہ خان نے کہا ہے کہ جب انہیں حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ‘لاپتا’ میں کام کی پیش کش ہوئی، تب وہ حمل سے تھیں۔
سارہ خان نے گلوکار فلک شبیر سے جولائی 2020 میں شادی کی تھی اور گزشتہ ماہ 20 جون کو ہی اداکارہ نے تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
اور اب اداکارہ نے بتایا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ‘لاپتا’ کی شوٹنگ حمل کے ساتھ کی۔
سارہ خان کے ڈرامے کو 28 جولائی سے نشر کیا جا رہا ہے، جس میں وہ علی رحمٰن اور عائزہ خان کے ہمراہ پہلی بار دکھائی دے رہی ہیں۔
مذکورہ ڈرامے میں سارہ خان نے بیڈمنٹن کھلاڑی کا کردار ادا کیا ہے، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے کردار کا نام ‘فلک’ جو کہ ان کے شوہر کا اصلی نام بھی ہے۔
اسی حوالے سے ہی سارہ خان نے ہم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جب ڈرامے کا اسکرپٹ دیا گیا اور انہوں نے اپنے کردار کا نام ‘فلک’ پڑھا تو حیران رہ گئیں، کیوں کہ یہ نام ان کے شوہر کا تھا۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ جہاں وہ اپنے نام کا کردار فلک سن کر تعجب کا شکار ہوئیں، وہی وہ اسی کردار کو نبھانے کے لیے پرجوش بھی تھیں۔
سارہ خان نے بتایا کہ وہ ڈرامے میں فلک نامی ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو بیڈمنٹن کی کھلاڑی ہوتی ہیں اور انہیں نے کردار کو بہترین انداز میں نبھانے کے لیے پہلے تربیت بھی حاصل کی۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے ‘لاپتہ’ ڈرامے میں کام کرنے کا معاہدہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ وہ امید سے ہیں۔
اگرچہ انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ انہوں نے حمل کے دوران ہی ڈرامے کی شوٹنگ کی، تاہم انہوں نے بتایا کہ معاہدہ کرتے وقت انہیں معلوم ہوا کہ وہ امید سے ہیں۔
سارہ خان کے امید سے ہونے کی چہ مگوئیاں چند ماہ قبل ہی شروع ہوئی تھیں، تاہم انہوں نے اس کی تصدیق 20 جون کو کی تھی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کب تک متوقع ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوگی۔
سارہ خان اور ان کے شوہر فلک شبیر نے رواں ماہ 18 جولائی کو شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خصوصی گانا بھی جاری کیا تھا۔