’بھارت نے بین الاقوامی صحافیوں کو پاکستان جانے سے روک دیا‘
دنیا بھر میں جمہوریت کا راگ الاپنے والے بھارت کی ہندو انتہا پسند مودی سرکار نے پاکستان آنے والے بین الاقوامی صحافیوں کو واہگہ بارڈر پر روک لیا۔
وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ بھارت نے 5 بین الاقوامی صحافیوں کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی صحافیوں کا آزاد کشمیر اسمبلی کا دورہ طے شدہ تھا، بھارت کا انکار آمرانہ حکومت کے آزادی اظہار رائے اور آزاد صحافت کے لیے جگہ تنگ کرنے کا اشارہ ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس حوالے سے کہا کہ غیر ملکی صحافیوں کے واہگہ سے پاکستان آنے پر پابندی کا بھارتی فیصلہ انتہائی قابل مذمت ہے، بھارتی وزیر خارجہ نے اعتدال پسندی اور گفتگو کا جو درس دیا یہ مودی حکومت کے دعووں کی نفی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نئی دہلی میں مقیم نیویارک ٹائمز، رائٹرز اور دی اکنامسٹ کے نمائندوں کو پاکستان آنے سے روکا گیا، صحافیوں کو پاکستان آنے سے روکنا بھارت کے اس خوف میں مبتلا ہونےکا واضح ثبوت ہے کہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے میڈیا کے پیشہ ورانہ امور میں رکاوٹ مسلمہ بین الااقوامی حق سے روکنے کے مترادف ہے، بین الاقوامی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک کر’سب سے بڑی جمہوریت’ کا نام نہاد دعویٰ پھر بےنقاب ہو گیا ہے۔