جموں و کشمیر کو دوبارہ ایک مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے۔ راہل گاندھی مودی نے کشمیری عوام کو جمہوری حق سے گزشتہ تین برس سے محروم کر رکھا ہے

سری نگر()  کانگریس کے جنرل سیکریٹری راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو دوبارہ ایک مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے  ، انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسمبلی کے شفاف اور غیر جانب دار انتخابات جلد از جلد کرائے تاکہ علاقے کے عوام کو اپنی پسند کی حکومت بنانے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے ریاستی عوام کو اس جمہوری حق سے گزشتہ تین برس سے محروم کر رکھا ہے۔ سری نگر میں پارٹی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ  وہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خلاف برسرِ پیکار ہیں لیکن یہ لڑائی ان کی ذات کے خلاف نہیں بلکہ ان کے بقول یہ لڑائی وزیرِ اعظم مودی کے نظریات اور اس تشدد کے خلاف ہے جس کا وہ پرچار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی لڑائی وزیرِ اعظم مودی کے اس مشن کے خلاف ہے جس کا مقصد بھارت کو توڑنا ہے اور وہ یہ لڑائی فتح حاصل کرنے تک جاری رکھیں گے۔راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ اگرچہ تامل ناڈو اور مغربی بنگال ریاستوں سمیت پورا ملک موجودہ بھارتی حکومت کی زد میں ہے لیکن ان کے بقول ان ریاستوں اور علاقوں پر بالواسطہ حملہ کیا جارہا ہے جب کہ جموں و کشمیر نئی دہلی کے بلا واسطہ حملے کی زد میں ہے۔راہول گاندھی نے اگرچہ جموں و کشمیر کو دربارہ ریاست کا درجہ دلانے اور ریاستی اسمبلی کے لیے غیر جانب دار اور شفاف انتخابات کرانے کے کشمیری جماعتوں کے مطالبے کی تائید و حمایت کی ہے لیکن انہوں نے آئینِ ہند کی دفعہ 370 جس کے تحت جموں و کشمیر کو  بھارتی یونین میں خصوصی حیثیت حاصل تھی اور دفعہ 35 اے کو، جس میں کشمیر کے حقیقی باشندوں کو خصوصی اختیارات اور حقوق کی ضمانت دی گئی تھی، بحال کرنے کے مطالبے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام میں بھائی چارے، محبت اور عزت و وقار کی روایت صدیوں پرانی ہے بلکہ یہ اوصاف ان کی روزمرہ زندگی کا ایک حصہ اور ان کی طاقت ہیں۔ اس لیے ان کے لیے جو کچھ کیا جائے وہ محبت اور عزت کے اصول پر مبنی ہونا چاہیے۔بھارت کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ "اگر تم جموں و کشمیر کے لوگوں سے نفرت شروع کرو گے تو تمہیں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔”