والدین کے درمیان طلاق ایک’ بہترین فیصلہ‘ تھا: سارہ علی خان

بالی وڈ کی مقبول اداکارہ سارہ علی خان نے والدین اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کے درمیان علیحدگی کے فیصلے کو ایک بہترین فیصلہ قرار دیا۔

ماضی کی مقبول جوڑی کے درمیان علیحدگی 2004 میں ہوئی تھی جس کے کئی سالوں بعد سیف علی خان نے کرینہ کپور سے شادی کی۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سیف اور امریتا کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ والدین کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ اس وقت کا بہترین فیصلہ تھا۔

سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت سادہ سی بات ہے کہ ان دونوں کے پاس دو مختلف آپشن تھے یا تو وہ ایک ساتھ گھر میں رہتے جہاں کوئی خوش نہ رہتا یا پھر وہ علیحدہ ہوجاتے جہاں دونوں ہی اپنی اپنی زندگیوں میں خوش ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہیں جو کہ میری بہترین دوست اور سب کچھ ہیں، میرے والد ہر وقت فون پر موجود ہوتے ہیں اور میں جب چاہوں ان سے ملاقات کرسکتی ہوں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اداکار سیف علی خان نے امریتا سنگھ سے طلاق کو ایک بدترین چیز قرار دیا تھا کیوں کہ ان کے نزدیک علیحدگی سے ان کی بیٹی سارہ علی خان اور بیٹا ابراہیم متاثر ہوئے تھے۔