اولمپیئن ارشد ندیم کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال
ٹوکیو اولمپکس میں مینز جیولن تھرو میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاہانہ استقبال کیا گیا۔
پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور دیگر حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر ایتھلیٹ کا استقبال کیا، اپنے ٹوئٹ میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
‘کھیل کے نئے سفر’ کی شروعات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایتھلیٹس کو ان کی ضرورت کے مطابق ماحول فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر قوم کے لیے فخر کا باعث بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘حکومت اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی’۔
ایئرپورٹ کے باہر کی ویڈیو فوٹیج میں جذباتی ارشد ندیم کو اپنی والدہ کو سلام کرتے اور گھٹنوں کے بل بیٹھتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ مداحوں اور اہل خانہ نے ان پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں اور دعاؤں سے نوازا، دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور ان کی والدہ نے انہیں تسلی دی۔
بعد ازاں ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں ہجوم نے ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا اور ان کے ساتھ ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگائے، شہریوں نے ایتھلیٹ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
عالمی مقابلے کے لیے ٹریننگ اور انفرا اسٹرکچر نہ ہونے کے باوجود گزشتہ ہفتے تمام نگاہیں ندیم پر تھیں کیونکہ وہ مینز جیولن تھرو کے فائنل میں مقابلہ کر رہے تھے۔
تاہم تمغے کی امیدیں پوری نہ ہو سکیں اور بھارت کے نیرج چوپڑا سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب وڈلیچ اور ویٹیزلاو ویسلی نے چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
شکست کے باوجود شہریوں نے کھلاڑی کی کوششوں کو سراہا اور فائنل میں جگہ بنانے پر مبارکباد دی۔
انعامات سے نوازنے کا اعلان
بدھ کو سینیٹ کمیٹی نے ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر طلحہ طالب، جنہیں اولمپکس میں میڈل کے بہت قریب پہنچ کر شکست ہوئی، کو اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم، طلحہ طالب اور کوہ پیما شہروز کاشف کو عالمی سطح پر ان کی بہترین کارکردگی کے مظاہرے پر 10 لاکھ روپے کے انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔