![](https://www.dailycapitalpost.com/news/wp-content/uploads/2021/08/7fc8bd34-1227-4d01-9571-282f6db8d756-750x430.jpg)
پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان شجر کاری مہم کے سلسلے میں عبدالستار ایدھی کے نام کا پودا لگا تے ہوئے
اسلام آباد( ) پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں عبدالستار ایدھی کے نام کا پودا لگا کر مہم کا آغا زکر دیا۔ وزیرا عظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان شجر کاری مہم کے سلسلے میں پاکستان سویٹ ہوم میں بچوں کے ہمراہ پودا لگانے کے موقع زمرد خان کا کہنا تھا کہ پودا لگانا دنیا کا سب سے اچھا کام ہے ۔ ہر انسان کو اپنے حصے کا پودا لگا کر اس ملک کو سرسبز بنانا ہو گا۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم میں آج عبدالستار ایدھی کے نام کا پودا لگایا گیا ہے۔ عبدالستار ایدھی میرے آئیڈیل اور میرے استاد تھے ۔ وہ ایک پھلدار اور سایہ دار درخت تھے ۔ انہوں نے اس ملک کے یتیم بچوں کی جس طرح خدمت کی تاریخ میں ان کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے کہ وہ ملک بھر میں بلین ٹری شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے اس سلسلے میں پاکستان سویٹ ہوم میں بھی آج پودا لگایا گیا اور شجر کاری کے حوالے سے تمام بچوں کوپودوں کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ انہوںنے کہا کہ درخت لگانا ضروری ہے اور اس کی حفاظت کرنا سب سے زیادہ ضروری ہے ۔ ملک بھر میں درخت تو لگائے جاتے ہیں لیکن اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے شجر کاری مہم کار آمد ثابت نہیں ہوتی ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ درخت لگانا ماحول کو صاف رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔طلبہ وطالبات پودے لگا کر ملک سے ماحولیاتی آلودگی کوختم کر سکتے ہیں۔ز مرد خان نے تمام پاکستان نیو ںسے اپیل کی کہ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ ایک پودا ضرور لگائے تاکہ یہ ملک کلین اور صاف رہے ۔