او جی ڈی سی ایل نے ملک بھر میں کرونا ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دےدیں این سی او سی کی ہدایات پر ویکسینیشن ٹیمیں گاوں گاوں جا کر لوگوں کو کرونا ویکسین لگائیں گی ۔

اسلام آباد، 12 اگست 2021آئل اینڈگیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) نے پاکستان کے چاروں صوبوں میں کرونا ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔ جو گاوں گاوں ، گھر گھر جا کر لوگوں کو کرونا وباءکے بارمیں آگاہی اور اس سے بچاو کے لئے ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں گی اور لوگوں کو ڈور سٹیپ پر جا کر کرونا ویکسین لگائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ نے ملک بھر میں کمپنی کے تیل و گیس کی فیلڈوں کے گرد و نواح میں بسنے والے لوگوں اور ملک میں دیگر لوگوں کے لئے کثیر تعداد میں موبائل ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔ ابتدائی طور پر او جی ڈی سی ایل نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ اور کرک میں ، صوبہ سندھ کے اضلاع سکھر، بدین ، سانگھڑ ااور حیدرآباد ، صوبہ بلوچستان کے اضلاع لوٹی اور پیرکوہ ، جبکہ صوبہ پنجاب کے اضلاع اٹک ، چکوال ، ڈیرہ غازی خان ، خانیوال اور راجن پور میں موبائل ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔ علاوہ ازیں ایم ڈی او جی ڈی سی ایل شاہد سلیم خان کی خصوصی ہدایات پر کمپنی نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے بھی موبائل ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔
واضح رہے کہ او جی ڈی ڈی سی ایل تیل و گیس کی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی کا اعزاز رکھتی ہے ۔ اور اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں امتیازی حیثیت کے ساتھ ساتھ او جی ڈی سی ایل نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں قومی خدمت کو ناصرف اپنی سماجی ذمہ داری سمجھا بلکہ ہمیشہ پیش پیش رہا ۔چاہے زلزلہ ہو یا سیلاب زدگان کے متاثرین سب کی بھرپور مالی معاونت کی اور اب ملک میں کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر کمپنی نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔ کیونکہ کرونا سے بچاو صرف اور صرف احتیاط اور ویکسین سے ہی ممکن ہے ۔لہذا این سی او سی کی ہدایات کے مطابق تمام پاکستانی ویکسین ضرور لگوائیں اور وبا کے مکمل خاتمے تک احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ او جی ڈی سی ایل اپنی موبائل ویکسینیشن ٹیموں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ھے۔