مرکزی نائب صدر ومنتظم مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریک انصاف کی وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات

اسلام آباد (1 ستمبر 2021) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر
اور منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی انفرادی ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے اور آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد حکومت سازی کے اہم مراحل باآسانی مکمل کرنے پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان تیزی سے فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیچیدہ علاقائی و سیاسی صورتحال میں وزیراعظم قوم کو بہترین قیادت فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا وزیراعظم کے فلسفہ امن اور تنازعات کے بذریعہ بات چیت حل کے نظریے کی اہمیت سمجھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر اور جامع حکمت عملی کے باعث کلیدی معاشی اشاریے بہتری کی خبر دے رہے ہیں۔ کروناء جیسی عالمی وباء میں حکومت نے عوام کی زندگیوں اور روزگار دونوں کا بے مثال تحفظ کیا۔ ان کے مطابق احساس پروگرام اور صحت کارڈ سماج کے نادار طبقے کیلئے سائبان بن چکے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملکی ترقی اور استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم باتیں نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو عوامی خدمت کے ذریعے جواب دیں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنے 3 برس میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے پائیدار اقدامات کئے ہیں، حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں تحریک انصاف بڑے پیمانے پر کامیابی سمیٹے گی اور مخالفین کو عبرتناک شکست کا سامنا ہوگا۔