وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کی ہیکنگ کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ تر ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ڈیٹا پروٹیکشن کمپنی کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو ایف بی آر کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر امین الحق نے کابینہ کو بتایا ہے کہ رواں سال پاکستان کی ویب سائٹس پر دس لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں ٹیلی کام سروس کو بہتر بنایا جائے۔
فوجداری نظام میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کرمنل اصلاحات آئندہ دو سالوں میں بہت اہم حیثیت رکھیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کا کرمنل قوانین میں اصلاحات، موجودہ امور میں بہت بڑی تبدیلی لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں ٹرائلز میں تاخیر، انصاف میں تاخیر، ایف آئی آر کے اندراج وغیرہ جیسے معاملات کا احاطہ کیا گیا ہے، اب یہ کابینہ کمیٹی برائے قانون میں اس پر بحث کیا جائے گا اور پھر اسے نافذ کردیا جائے گا۔
اراکین پارلیمنٹ میں تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے تجویز پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس کی تجویز مسترد کردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اس سادگی مہم کا حصہ ہے جسے وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے پہلے روز سے ہی نافذ کردیا تھا۔