نوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
بھارتی سیاستدان و سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
سدھو رواں برس ہی بھارتی پنجاب کے لیے کانگریس چیف مقرر ہوئے تھے، ان سے قبل سنیل جاکھر پنجاب کانگریس کے سربراہ کے عہدے پر فائز تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس پارٹی کے کچھ لوگوں نے بتایا ہے کہ سدھو اس بات سے کافی مایوس ہیں کہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد ان کا نام کیوں تجویز نہیں کیا گیا۔
تاہم بھارتی میڈیا یہ امکان ظاہر کررہا تھا کہ رواں ماہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھارتی پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ بنا دیا جائے گا۔
سدھو نے اپنا استعفیٰ پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کو بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ اس لیے میں پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔