بڑی خوشخبری؛ سعودی عرب کا معتمرین کی تعداد میں اضافے کا اعلان
ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج نےعمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی عرب کی وزارت حج نے مزید بتایا کہ حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مطاف کے صحن میں 25 نئے ٹریک بنائے گئے ہیں جو عبادت گزاروں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اس ھوالے سے انجینئر معین قاروت کے مطابق سماجی فاصلے کے اسٹیکروں کی ترتیب مسجد حرام میں آنے والے افراد کی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج نے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ اور نماز کی اجازت کے لیے توکلنا ایپ سے وقت لے سکتے ہیں اور صرف اجازت نامے کے حامل افراد ہی خانہ کعبہ میں نماز ادا کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث دو سال حج کو مختصر اور صرف مقامی افراد کے لیے مختص رہا ہے اور عمرہ زائرین کی تعدد بھی محدود کردی گئی تھیں تاہم اب آہستہ آہستہ تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔