پاکستان کو اپنی قسمت خود بنانا ہوگی: سردار مسعود خان

01 اکتوبر 2021: سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے سینٹرفار ایئروسپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیزمیں "پاکستان کا بدلتاہوا تزویراتی منظر نامہ: چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منظر نامہ بدل رہا ہے اور پاکستان کو تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کےلئے ہمہ وقت تیاررہنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی مخاصمت اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال نے پاکستان کو عالمی سطح پر مزیدنمایاں کر دیا ہے لہذا پاکستان کو دانش مندی کا بروقت مظاہرہ کرتے ہوئے ان چیلنجز کو مفید مواقع میں تبدیل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان اپنے بین الاقوامی تعلقات میں تنوع پیدا کرتے ہوۓ دوسرے ممالک پر اپنے انحصار کو کم کرے تاکہ اپنی سلامتی اور معاشی مفادات کو بہتر انداز میں حاصل کر سکے۔ البتہ انہوں نے کسی بھی ایک بڑی طاقت پر مکمل انحصار کرنے کے حوالے سے خبردار کیا۔ سردار مسعود خان نے پاکستان ایئرفورس کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ قومی سلامتی کے لئے اسکی گرانقدر خدمات اور ایروسپیس کی صنعتی ترقی اور خود کفالت کے اہم مقصد اور عزم کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک خوددار قوم بن کر اپنے اندر امید اور خود اعتمادی پیداکرنا ہوگی تاکہ ہم اپنی قسمت خود بنا سکیں ۔ انہوں نے مشترکہ مفادات پر مبنی شراکت داریاں قائم کرنے پر زور دیا۔ ان کےمطابق پاکستان کو اپنے تمام تر وسائل کو نہایت دانشمندی سے بروئےکار لاتے ہوئے دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو حقیقت پسندی کی بنیاد پر فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور ایٹمی صلاحیت سے خوفزدہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ نئی دہلی پاکستان سے براہ راست تصادم سے گریزاں ہے اور ایک نئی حکمت عملی کےتحت بھارت پاکستان کی ایٹمی صلاحیت
سے بچ کر ہائبرڈ جنگ، دہشتگردی اور میڈیا کے ذریعے منفی تاثر قائم کرنےکی کوشش کر رہا ہے۔

اس خطاب کے بعد سوال و جواب کا ایک جامع دور چلا جس میں سینئرعسکری قیادت، ریٹائرڈ افسران، محققین اور مبصرین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ایئر مارشل فرحت حسین خان ( ریٹائرڈ)، صدر سینٹر فار ایئرواسپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے اپنے اختتامی کلمات میں سردار مسعود خان کی پاکستان، پاک فضائیہ اور کیس کے لئے گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور معزز مہمان کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔