اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عوام کو مہنگائی سے تکلیف دی ہے جس کا بدلہ آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ سے لیں گے۔
اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے نیب آرڈیننس ٹی وی پر دیکھا ہے، اب تک نیب آرڈیننس کی 3 مختلف کاپیاں دیکھ چکا ہوں، پارلیمنٹ سب سے محترم اور سپریم ادارہ ہے جسے بائی پاس نہیں کرنا چاہیے، آرڈیننس لانا نامناسب ہے، حکومت اسمبلیوں سے قانون سازی کرائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پنڈورا لیکس کی آزاد انہ تحقیقات ہونی چاہییں، عمران خان نے کہا تھا کہ آف شور اکاؤنٹ ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں، تحقیقات کا پیمانہ جو دوسروں کےلیے رکھتے ہیں اپنے لیے بھی وہی رکھیں، جن وزرا کی آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں ان کو کابینہ سے الگ کیا جائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کبھی بھی ہوں عمران خان اگلے الیکشن میں جیتتے نظر نہیں آرہے، عمران خان نے عوام کو مہنگائی سے تکلیف دی ہے ، یہ بات درست نہیں کہ دنیامیں مہنگائی کی وجہ سے یہاں بھی ہو، ریاستی پالیسیوں سے مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے، ملک بھر میں مہنگائی اور بےروزگاری کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، مہنگائی کے طوفان کا بدلہ آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ کے ذریعے لیں گے۔
پاک فوج میں تبادلوں اور تقرریوں پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاک فوج میں تقرر و تبادلے سوچ سمجھ کر کئے گئے ہوں گے، جن کا استحقاق ہے وہ ہی یہ کر سکتے ہیں۔