اس سے قبل دیر ہو دنیا بھارت کی حرکتوں کا نوٹس لے، پاکستان

پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو دنیا بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن آج اور کل پاکستان کا دورہ کریں گی، دورے کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا،  ہم امریکی کانگریس اجلاس کی سماعتوں کے دوران موقف کو امریکہ کا سرکاری موقف نہیں سمجھتے ، پاکستان اور امریکا کے درمیان نیویارک میں ڈپٹی سیکرٹری کے دورہ پاکستان یی بات ہوئی، وزارت خارجہ کے امریکا میں سفیر کے حوالے سے جعلی خط کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ جار ی ہے، بھارت کی جانب سےکشمیرمیں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ خود بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں، 3 اکتوبر کو پانچ سو ہندووٴں نے چرچ پر حملہ کیا، انتہاء پسند ہندووں کی طرف سے مسلمانوں اور دیگر مذاہب پر حملے جاری ہیں، بی جے پی اور آر ایس ایس سوچ کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں پر حملے کئے جارہے ہیں، آسام میں مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو دنیا بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے۔