فلک شبیر کی اپنی بیٹی کے کان میں اذان دینے کی ویڈیو وائرل
کراچی: گلوکار فلک شبیر کی اپنی نومولود بیٹی کے کان میں اذان دینے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
اداکارہ سارہ خان اور فلک شبیر کے گھر گزشتہ روز بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ فلک شبیر نے یہ خوشخبری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے تمام لوگوں کو ربیع الاول اور جمعہ کی مبارکباد دی تھی۔
فلک شبیر نے لکھا تھا اللہ پاک نے اس بابرکت مہینے کے بابرکت دن اپنی رحمت سے نوازا ہے شکر الحمداللہ۔ فلک شبیر اور سارہ خان نے اپنی ننھی پری کا نام عالیانہ فلک رکھا ہے۔
سارہ خان نے بھی گزشتہ روز ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں فلک اپنی نومولود بیٹی کے کان میں اذان دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سارہ خان نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے قرآن شریف کی آیت بھی شیئر کی جس کا ترجمہ یہ ہے۔’’اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے‘‘۔
سارہ خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اسے اب تک 17 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جب کہ ہزاروں لوگوں نے اس ویڈیو کو پسند کیا ہے۔
واضح رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر گزشتہ برس شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ ان کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا ہے۔